اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے بے نظیر بھٹو کی 18 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو کی زندگی ایک روشن پیغام ہے کہ انصاف کے حصول کے لیے ہمیشہ پر امن اور جمہوری طریقہ اپنانا چاہیے۔
صدر زرداری نے کہا کہ نفرت اور انتقامی سیاست کے بجائے اتحاد اور جمہوری اقدار کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
بے نظیر بھٹو ہمیشہ فرقہ واریت، نفرت اور عدم برداشت کے خلاف رہیں اور ان کے نظریات آج بھی عوام کے لیے مشعل راہ ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اقلیتوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے، اور بے نظیر بھٹو نے اپنے نظریات کی قیمت جان کی صورت میں ادا کی۔
صدر زرداری کے مطابق بے نظیر بھٹو کی قربانی اور نظریات آج بھی پاکستان میں جمہوریت، برداشت اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وقت گزر گیا مگر یادیں زندہ ہیں، آج شہید بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی منائی جا رہی ہے
سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ گڑھی خدا بخش میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں دس ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مزاروں پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار اور دیگر سیاسی رہنما بھی گڑھی خدا بخش پہنچے جہاں انہوں نے شہدا کے مزاروں پر حاضری دی اور خراج عقیدت پیش کیا۔
پیپلز پارٹی کے کارکنان اور جیالوں کی بڑی تعداد ملک کے مختلف حصوں سے گڑھی خدا بخش پہنچ رہی ہے۔ میئر سکھر کی قیادت میں پیدل قافلہ بھی گڑھی خدا بخش کے لیے روانہ ہوا۔





