نیو یارک : پاکستان نے صومالی لینڈ کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے اسرائیلی اعلان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے صومالیہ کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نائب مندوب عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے کسی بھی یکطرفہ اقدام کو قبول نہیں کرتا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
عثمان جدون نے واضح کیا کہ پاکستان صومالیہ کی خود مختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور کسی بھی ایسے اقدام کو مسترد کرتا ہے جو خطے میں عدم استحکام کا باعث بنے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی بے دخلی کی کسی بھی کوشش کے خلاف ہے اور ایسے اقدامات عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں چوری کی انوکھی وارداتیں، بجلی کی تاریں اور میٹر بھی محفوظ نہ رہے
مستقل نائب مندوب کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے فیصلے پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے کیونکہ اس کے خطے اور عالمی سطح پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
پاکستانی مندوب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائے اور ایسے اقدامات کو روکے جو ریاستی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے اصولوں کے منافی ہوں۔





