ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، اوگرا کانوٹیفکیشن جاری

سال نو کی خوشیوں پر مہنگائی کا بوجھ، ایل پی جی ایک بار پھر مہنگی ہو گئی

پاکستان میں سال نو کے آغاز سے قبل ہی مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی )10 روپے 69پیسے فی کلو مہنگی کردی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سال نو کے آغاز سے قبل ہی مہنگائی کی ایک اور لہر نے عوام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جہاں مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں 10 روپے 69 پیسے فی کلو کا نمایاں اضافہ کردیا گیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمتوں میں یکمشت ساڑھے 11 روپے سے زائد اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری 2026ء سے ہوگا۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد 11 اعشاریہ 8 کلوگرام وزنی گھریلو سلنڈر 126 روپے 9 پیسے مہنگا ہوگیا ہے، جس سے عام صارفین کے ماہانہ بجٹ پر براہِ راست اثر پڑے گا۔

اعلامیے کے مطابق ایل پی جی کی نئی فی کلو قیمت 219 روپے 68 پیسے مقرر کی گئی ہے، جبکہ 11 اعشاریہ 8 کلوگرام کا گھریلو سلنڈر اب 2 ہزار 592 روپے 19 پیسے میں دستیاب ہوگا۔ اس اضافے نے پہلے ہی مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں ایل پی جی واحد ایندھن کا ذریعہ ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اوگرا نے دسمبر 2025ء کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ دسمبر میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 7 روپے 39 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 11 اعشاریہ 8 کلوگرام سلنڈر کی قیمت 87 روپے 21 پیسے بڑھ گئی تھی۔ اب جنوری 2026ء کے لیے قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے صارفین کی مشکلات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے تشویش کا باعث ہے، کیونکہ پہلے ہی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ عام صارفین کو مزید مالی دباؤ سے بچایا جا سکے۔

Scroll to Top