شمالی علاقوں میں برف کا راج! استور و ہنزہ میں شدید برفباری، مالم جبہ میں سورج نکلتے ہی سیاح امڈ آئے

شمالی علاقوں میں برف کا راج! استور و ہنزہ میں شدید برفباری، مالم جبہ میں سورج نکلتے ہی سیاح امڈ آئے

استور ہنزہ کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری جس کے باعث گلگت میں خشک سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، مالم جبہ میں سورج نے کرنیں بکھیریں تو سیاحوں کا رش لگ گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں موسم نے ایک بار پھر اپنا رنگ دکھانا شروع کر دیا ہے۔ استور، ہنزہ اور دیگر بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث گلگت بلتستان میں خشک سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقام مالم جبہ میں سورج نکلتے ہی سیاحوں کی بڑی تعداد حسین مناظر کی جانب کھنچی چلی آئی۔

اطلاعات کے مطابق استور اور ہنزہ کے بالائی سرحدی علاقوں منی مرگ، قمری اور شنکرگڑہ کی وادیوں میں اب تک دو فٹ تک برف پڑ چکی ہے، جبکہ رٹو، ناصرآباد اور پریشنگ سمیت دیگر علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ تحصیل یاسین، پھنڈر اور خنجراب میں بھی برفباری کے باعث سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

برفباری کے باعث استور کے بالائی علاقوں کو ملانے والی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں، جس کے نتیجے میں کئی سرحدی علاقوں کے مکین محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ مقامی افراد کو روزمرہ ضروریات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ادھر نلتر میں گزشتہ چند دنوں سے جاری برفباری نے نظامِ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ دو روز کے دوران 9 انچ برف پڑ چکی ہے، تاہم اس کے باوجود برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد نلتر کا رخ کر رہی ہے۔ سیاحوں کے رش کے باعث ہوٹلوں میں جگہ کم پڑ گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق نلتر چونکہ ہائی الٹیچیوڈ علاقہ ہے، اس لیے گاڑیوں کے پھسلنے کا شدید خطرہ موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران مزید برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب برفباری کے بعد مالم جبہ میں سورج نکلتے ہی موسم خوشگوار ہو گیا، جس کے باعث سیاحوں کی کثیر تعداد نے اس سیاحتی مقام کا رخ کیا۔ سیاحوں نے چیئر لفٹ کی سیر کی اور حسین قدرتی مناظر سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ہزارہ ڈویژن کے سیاحتی مقامات پر بھی سیاحوں کی آمد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے، تاہم بارش اور برفباری کے باعث دیہی علاقوں میں بجلی کے بریک ڈاؤن نے مکینوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کیچ میں سردی کی آمد کے ساتھ ہی شاہراہوں پر گرم کپڑوں اور جوتوں کے عارضی بازار سج گئے ہیں۔ خریداروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں یہ سستے بازار عوام کے لیے بڑی سہولت بن گئے ہیں، جبکہ دکانداروں کے مطابق سردی بڑھنے کے ساتھ خریداروں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

Scroll to Top