سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، فی تولہ قیمت 4 لاکھ 80 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی
تفصیلات کے مطابق ملک میں سونے کی قیمت نے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جس سے صرافہ بازار اور زیورات کے خریداروں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ عالمی اور مقامی مارکیٹ میں تیزی کے باعث سونے کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 7 ہزار 700 روپے کے اضافے کے بعد 4 لاکھ 80 ہزار 962 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح، 10 گرام سونے کی قیمت میں 6 ہزار 602 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 4 لاکھ 12 ہزار 347 روپے ہو گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، ڈالر کی قیمت میں تبدیلی اور معاشی غیر یقینی صورتحال اس تاریخی اضافے کی بنیادی وجوہات ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سرمایہ کاروں اور زیورات کے خریداروں کو موجودہ صورتحال میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
سونے کی قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے کے بعد عام صارفین میں تشویش پائی جا رہی ہے اور زیورات کے خریدار مستقبل قریب میں قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے کی توقع کر رہے ہیں۔
صرافہ بازار کے تاجروں کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ عالمی سطح پر سونے کی طلب اور مقامی مارکیٹ میں موجود مالیاتی دباؤ کی وجہ سے ہوا ہے، اور آئندہ دنوں میں بھی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہ سکتا ہے۔





