دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری،پاکستانی پاسپورٹ کا نمبر کونسا؟

معروف اور مستند ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے سال 2026 کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی تازہ درجہ بندی جاری کر دی ہے جس میں مختلف ممالک کے پاسپورٹس کو بغیر ویزا یا کم سفری پابندیوں کے ساتھ دنیا بھر میں رسائی کی بنیاد پر جانچا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں برس جاری کی گئی فہرست میں ایشیائی ممالک نے نمایاں برتری حاصل کی ہے۔

سنگاپور ایک بار پھر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے جبکہ جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سنگاپور کے شہریوں کو دنیا کے 227 میں سے 192 ممالک اور خطوں میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول کی سہولت حاصل ہے جس کی بنیاد پر اسے پہلی پوزیشن دی گئی۔ جاپان اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹس پر 188 ممالک میں ویزا فری سفر ممکن ہے جس کے باعث یہ دونوں ممالک دوسرے نمبر پر ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایشیائی ممالک کی یہ برتری سیاسی استحکام، مضبوط سفارتی تعلقات اور عالمی سطح پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ اگرچہ سرفہرست پوزیشنز ایشیائی ممالک نے حاصل کی ہیں، تاہم مجموعی طور پر یورپی ممالک کی بڑی تعداد بھی ٹاپ رینکنگ میں شامل ہے۔

ڈنمارک، لکسمبرگ، اسپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جن کے پاسپورٹس پر 186 ممالک میں بغیر ویزا سفر کی اجازت ہے۔ چوتھے نمبر پر بھی یورپ کے 10 ممالک شامل ہیں، جن میں جرمنی، فرانس، اٹلی اور نیدرلینڈز نمایاں ہیں۔ ان ممالک کے شہری 185 ممالک میں بغیر ویزا جا سکتے ہیں۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے اس فہرست میں غیر معمولی پیش رفت کرتے ہوئے پانچویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے، جسے ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی 20 سالہ تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2006 کے بعد یو اے ای نے 149 نئی ویزا فری منزلیں حاصل کیں اور 57 درجے بہتری کے ساتھ نمایاں طور پر اوپر آیا۔ ماہرین کے مطابق یہ کامیابی مسلسل سفارتی کوششوں اور ویزا پالیسی میں نرمی کا نتیجہ ہے۔

رپورٹ میں مغربی ممالک کی گرتی ہوئی پوزیشن پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ برطانیہ کو گزشتہ ایک سال کے دوران نمایاں نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور اب یہ 182 ممالک میں ویزا فری رسائی کے ساتھ ساتویں نمبر پر آ گیا ہے۔ امریکا بھی مسلسل تنزلی کا شکار ہے اور رواں برس دسویں نمبر پر موجود ہے، جہاں اس کے پاسپورٹ پر 179 ممالک میں بغیر ویزا سفر کی سہولت حاصل ہے۔

کمزور ترین پاسپورٹس کی بات کی جائے تو فہرست میں افغانستان 101 ویں نمبر پر ہے، جو دنیا کا سب سے کمزور پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔ افغان شہری صرف 24 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔

افغانستان کے بعد شام اور عراق بالترتیب 100 اور 99 ویں نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان یمن کے ساتھ مشترکہ طور پر 98 ویں نمبر پر موجود ہے۔

Scroll to Top