وفاقی صحت سہولت پروگرام کے تحت اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں صحت کارڈ کے اجرا کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ لائف کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق پروگرام کے تحت اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مستقل رہائشی اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔
مراسلے میں تمام پینل اسپتالوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ وفاقی صحت سہولت پروگرام کے معیار کے مطابق خدمات فراہم کریں۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں پولیو کیس کی تصدیق،خیبرپختونخوا میں تعداد 20ہوگئی
اسٹیٹ لائف نے بتایا کہ ہیلتھ کارڈ 16 جنوری سے فعال ہو جائیں گے، اور پینل اسپتالوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ تاریخ سے قبل ہیلتھ ڈیسک قائم کریں تاکہ مریض بلا تعطل علاج کی سہولت حاصل کر سکیں۔
مراسلے میں کہا گیا کہ پینل اسپتالوں کا باقاعدہ معائنہ کیا جائے گا اور حکام نے اسپتالوں سے مکمل تعاون کی اپیل کی ہے۔
مزید کہا گیا کہ وفاقی صحت سہولت پروگرام کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جائے گا اور اس کا مقصد مستحق افراد کو معیاری اور مفت طبی سہولت فراہم کرنا ہے۔
اس پروگرام کے تحت لاکھوں خاندان مستفید ہوں گے اور جاری شدہ صحت کارڈ جون 2027 تک مؤثر رہیں گے۔





