ایران میں موجود پاکستانی طلبہ کے متعلق اہم خبر سامنے آگئی

گوادر: گوادر میں ایران میں مقیم پاکستانی طلبہ و طالبات اور دیگر شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے بتایا کہ آج ایران سے 51 طلبہ وطالبات پاکستان واپس پہنچ چکے ہیں، جبکہ اب تک مجموعی طور پر 125 سے زائد طلبہ گبدریمدان بارڈر کے راستے وطن واپس آ چکے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے وطن واپسی کے دوران طلبہ و زائرین کے لیے کھانے، پینے، رہائش اور سفر کی تمام ضروری سہولیات فراہم کی ہیں تاکہ ان کا سفر آسان، محفوظ اور آرام دہ بنایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر طلبہ کی واپسی اور سہولت کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ طالب علموں کی حفاظت اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مستقل رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن ہو۔

یہ بھی پڑھیں : حدِ نگاہ کم، موٹر وے پولیس نے کئی سیکشنز بند کر دیے

ایران میں موجود دیگر پاکستانی شہری بھی مرحلہ وار وطن واپس لائے جا رہے ہیں اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق واپسی کے اس عمل کو جلد مکمل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ طلبہ اور زائرین کی محفوظ واپسی کے لیے تعاون کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری رابطے کے لیے فراہم کردہ ہیلپ لائن استعمال کریں۔

Scroll to Top