دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کر دیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں مجموعی طور پر 17 امپائرز اور 4 میچ ریفریز مقرر کیے گئے ہیں جو مقابلوں کی شفاف اور منصفانہ نگرانی یقینی بنائیں گے۔
آئی سی سی کے اعلان میں پاکستان کے فیصل آفریدی کا نام بھی شامل ہے، جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ فیصل آفریدی کی شمولیت کو پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ سپر سکس مرحلے اور ناک آؤٹ مقابلوں کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، اور آئی سی سی حکام کے مطابق اس انتخاب میں کارکردگی اور تجربے کو ترجیح دی جائے گی۔
انڈر 19 ورلڈ کپ زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا، جہاں دنیا بھر کے نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
آئی سی سی کے مطابق دونوں میزبان ممالک میں ٹورنامنٹ کی کامیاب میزبانی کے لیے انتظامات حتمی مراحل میں ہیں۔
نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ میچ آفیشلز کی پیشہ ورانہ کارکردگی بھی ٹورنامنٹ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا انڈر 21 گیمز کا شیڈول جاری
جبکہ دوسری جانب خیبرپختونخوا انڈر 21 گیمز 4 فروری سے 7 فروری تک پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوں گے جس کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے۔
انڈر 21 گیمز کے انعقاد کے حوالے سے گزشتہ روز مشیر کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں گیمز کو ری شیڈول کرتے ہوئے نئی تاریخوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر، ڈائریکٹر آپریشن جمشید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں گیمز کے تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں جبکہ انڈر 21 گیمز کے انعقاد کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔صوبے کے اس میگا سپورٹس ایونٹ میں پانچ ہزار سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کریں گے۔





