جنگ کے بعد پاکستانی لڑاکا طیاروں کی عالمی مانگ میں اضافہ، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی کے بعد پاکستانی لڑاکا طیاروں کی عالمی سطح پر مانگ میں اضافہ ہوا ہے، اور متعدد ممالک دفاعی سازوسامان خصوصاً لڑاکا طیاروں کے حصول کے لیے پاکستان سے رابطے میں ہیں، جس سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں پر دنیا کا اعتماد بڑھ رہا ہے، جو ملک کے لیے ایک مثبت پیشرفت ہے۔

وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس ناسور کے خلاف ضرور کامیاب ہوگا اور قوم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے دم لے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مختصر عرصے میں معاشی محاذ پر نمایاں بہتری دکھائی ہے، ملک میں معاشی استحکام واپس آیا ہے اور اب حکومت ترقی کے سفر کو مزید آگے لے کر جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ آج ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جس سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی معیشت کو تقویت ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں : جے ایف-17 تھنڈر کی عالمی گونج، برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کا اعتراف

 جبکہ دوسری جانب برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے پاکستان کے مقامی سطح پر تیار کردہ جنگی طیارے جے ایف-17 تھنڈر کی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مضمون شائع کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ طیارہ عالمی دفاعی منڈی میں نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔

سعودی عرب، بنگلہ دیش، عراق، انڈونیشیا اور لیبیا سمیت کئی ممالک نے اس طیارے کی خریداری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔

ستمبر 2025 میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دفاعی معاہدے کے بعد واضح ہو گیا تھا کہ ریاض جدید دفاعی تعاون کے لیے اسلام آباد کی طرف راغب ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تقریباً 2 ارب ڈالر کے سعودی قرضے کو جے ایف-17 طیاروں کے معاہدے میں تبدیل کرنے پر بات چیت جاری ہے۔

جے ایف-17 تھنڈر کی خاص بات اس کی کم قیمت اور اعلیٰ جنگی صلاحیت ہے۔ مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ چار روزہ فضائی تنازع کے دوران اس طیارے نے عملی طور پر اپنی قابلیت ثابت کی، جہاں جے ایف-17 نے فرانسیسی ساختہ رافیل طیاروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی۔

پاکستان نے اس جنگ میں بھارتی فضائیہ کے چھ طیارے مار گرائے، جن میں تین رافیل بھی شامل تھے۔ پاکستان ایئر فورس کے مطابق جے ایف-17 نے روسی ساختہ ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو ہائپرسونک میزائل سے نشانہ بنایا۔

جے ایف-17 تھنڈر پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس میں تیار کیا جاتا ہے اور اس کا بلاک ٹو ورژن 4.5 جنریشن کا ملٹی رول فائٹر جیٹ ہے۔

Scroll to Top