اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ بجلی، گیس اور ٹیکس میں مخصوص طبقے کو دی جانے والی رعایتیں ختم کر دی جانی چاہییں تاکہ ہر شہری کو یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں اور حقیقی ترقی ممکن ہو۔
پاکستان پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ خوشحالی کا راستہ صرف طاقت اور اثر و رسوخ تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ ہر شہری کو کام کرنے کے یکساں مواقع ملنا لازمی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام میں کچھ مخصوص افراد کو سستی بجلی، گیس اور ٹیکس میں چھوٹ دی جا رہی ہے، جبکہ عام شہری اس سہولت سے محروم ہیں، جس سے ملک میں معاشی عدم توازن پیدا ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ برآمدات میں اضافہ ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے اور حکومت کی حالیہ کوششوں سے اقتصادی اشاریے بہتر ہوئے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ خوشحالی حاصل کرنے کا واحد راستہ پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور ماحول دوست اقتصادی ترقی ہے۔
مصدق ملک نے ملکی معیشت میں نجی شعبے کے کردار کو اہم قرار دیا اور کہا کہ ریاست کو اب کاروبار چلانےکے بجائے ‘سہولت کارکا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان کے مطابق نجکاری کوئی نظریاتی منصوبہ نہیں بلکہ مارکیٹ کی کمزوریوں کو درست کرنے کا مؤثر طریقہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنگ کے بعد پاکستانی لڑاکا طیاروں کی عالمی مانگ میں اضافہ، وزیراعظم
وفاقی وزیر نے سابقہ مالی پالیسیوں پر بھی تنقید کی اور بتایا کہ حکومت پاکستان کو ڈالر 12 فیصد شرح سود پر دستیاب ہیں، جبکہ سابقہ دور میں 50 افراد کو 4 ارب ڈالر صفر شرح سود پر دیے گئے، جو چھوٹی فیکٹریاں لگانے یا نوجوانوں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع میں استعمال ہو سکتے تھے۔
مصدق ملک نے اختتام پر کہا کہ حقیقی ترقی تب ممکن ہے جب ہر شہری کو کام کرنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں، اور مخصوص طبقے کو سستی سہولیات دینے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے تاکہ معاشی انصاف اور پائیدار ترقی یقینی بنائی جا سکے۔





