اساتذہ کے لیے خوشخبری: خیبرپختونخوا میں ای ٹرانسفر کا باضابطہ آغاز

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے پشاور میں ای ٹرانسفر پالیسی سسٹم کا باضابطہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن محمد خالد، سپیشل سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم مسعود احمد، چیف پلاننگ ایجوکیشن آفیسر زین اللہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے ای ٹرانسفر پالیسی کا عمل متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے اساتذہ کی خواہشات اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ای ٹرانسفر کے دو مرحلے شروع کیے گئے تھے، لیکن ان میں خامیاں موجود تھیں، تاہم اب ان تمام خامیوں کو دور کر دیا گیا ہے۔

ارشد ایوب خان نے کہا کہ ای ٹرانسفر پالیسی کا عمل نہ صرف شفاف ہوگا بلکہ اس کے ذریعے شعبہ تعلیم میں استعداد اور کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا۔

صوبے میں یہ نظام کامیابی سے جاری رہے گا اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وزیر اعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔

وزیر تعلیم نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں ٹینور بیسڈ اور باہمی (میوچل) تبادلے بھی کیے جائیں گے تاکہ اساتذہ کو اپنی تعلیمی ترجیحات اور سہولتوں کے مطابق تعینات کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی خواتین کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتی ہے، اڈیالہ جیل کوئی تماشہ گاہ نہیں، عظمیٰ بخاری

انہوں نے مزید کہا کہ ای ٹرانسفر پالیسی کے نفاذ سے نہ صرف اساتذہ کی خوشنودی بڑھے گی بلکہ طلباء کو بھی بہتر تعلیمی ماحول میسر آئے گا، اور تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی۔

سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن محمد خالد نے کہا کہ ای ٹرانسفر پالیسی سسٹم جدید تکنیکی سہولیات کے ساتھ بنایا گیا ہے، جس سے تمام تبادلے آن لائن، شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے، اور کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر یا بدعنوانی کا امکان ختم ہو جائے گا۔

اس موقع پر چیف پلاننگ ایجوکیشن آفیسر زین اللہ نے بتایا کہ ای ٹرانسفر سسٹم کے ذریعے اساتذہ کی تعیناتی کی تفصیلات، درخواستیں اور تبادلے آن لائن دستیاب ہوں گے، جس سے والدین اور طلباء کے لیے بھی معلومات تک رسائی آسان ہو جائے گی۔

Scroll to Top