خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید سردی کی لہر ،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید سردی کی لہر ،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نےبالائی خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید سردی کی لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق جنوری کے اختتام تک ان علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سرد موسم برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی برفباری متوقع ہے۔ ممکنہ برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں، ٹرانسپورٹ نظام اور بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید برفباری کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے لہٰذا عوام بالخصوص پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر کورا پڑنے سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مزید بارشیں! موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی نے سب کو چونکا دیا

اتھارٹی نے برفباری والے علاقوں میں گاڑیوں کے ٹائروں پر حفاظتی زنجیروں کے استعمال جبکہ شدید سرد موسم میں گرم کپڑوں اور ہیٹرز کے محتاط استعمال کی ہدایت کی ہے۔

الرٹ میں صوبائی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے اور ضروری مشینری بروقت دستیاب رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

Scroll to Top