کیلیفورنیا: گوگل کی ملکیت رکھنے والے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے کم عمر صارفین کے لیے والدین کے کنٹرولز کو مزید مضبوط اور تعمیری بنانے کے لیے نئی سہولیات متعارف کر دی ہیں۔
یوٹیوب کے مطابق اب والدین یہ طے کر سکتے ہیں کہ ان کے نوعمر بچے یوٹیوب شارٹس پر روزانہ کتنا وقت گزار سکتے ہیں۔
اس کے لیے 15 منٹ، 30 منٹ، 45 منٹ، ایک گھنٹہ اور دو گھنٹے کے اختیارات دیے گئے ہیں۔ والدین کو یہ بھی اختیار حاصل ہوگا کہ وہ شارٹس فیڈ کو مکمل طور پر بند کر دیں، یعنی ایک دن کے لیے شارٹس دیکھنے کی سہولت روک سکیں۔
نئے فیچرز میں بچوں کے لیے عمر کے لحاظ سے موزوں اور تعلیمی مواد کی رہنمائی بھی شامل ہے۔ نوعمر صارفین کو تعلیمی چینلز جیسے خان اکیڈمی کڈز، کریش کورس کڈز اور ٹیڈ ایڈ کی ویڈیوز تجویز کی جائیں گی تاکہ وہ تعلیمی اور مفید مواد دیکھیں۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات یوتھ ایڈوائزری بورڈ، یو سی ایل اے کے سینٹر فار اسکالرز اینڈ اسٹوری ٹیلرز، امریکن سائیکالوجیکل ایسوسی ایشن اور بوسٹن چلڈرنز اسپتال کی مشاورت سے تیار کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ والدین اب آسانی سے بچوں کے اکاؤنٹس بنا سکیں گے جو خودکار طور پر محفوظ سیٹنگز کے ساتھ فعال ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : دل کا دورہ کن لوگوں کو زیادہ ہوتا ہے اور اس کی علامات کیا ہیں؟
موبائل ایپ میں چند کلکس کے ذریعے اکاؤنٹس تبدیل کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، جس سے والدین کے لیے نگرانی مزید آسان ہو جائے گی۔
یوٹیوب نے کہا کہ نئے فیچرز کا مقصد والدین کو زیادہ کنٹرول فراہم کرنا اور نوعمر صارفین کے لیے ایک محفوظ اور تعمیری ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنا ہے، تاکہ بچے آن لائن مواد سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں اور نقصان دہ مواد سے محفوظ رہیں۔





