اسلام آباد: فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) نے اعلان کیا ہے کہ سی ایس ایس 2025 کے امیدواروں کے حتمی نتائج آئندہ ماہ کے آخری ہفتے میں جاری کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق نتائج کے اعلان سے قبل تمام انتظامی اور تکنیکی اقدامات اپنی آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔
کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ تحریری امتحان، طبی معائنہ اور نفسیاتی جائزے سمیت دیگر مراحل کامیابی سے مکمل کرنے والے 80 فیصد سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز مکمل ہو چکے ہیں۔
باقی امیدواروں کے انٹرویوز بھی آئندہ چند دنوں میں مکمل کر لیے جائیں گے، جس کے بعد حتمی میرٹ لسٹ مرتب کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ سی ایس ایس 2025 میں کامیابی کا تناسب انتہائی کم رہنے کا امکان ہے، جو تقریباً 2.5 فیصد کے لگ بھگ ہو سکتا ہے۔
گزشتہ برس کے تحریری امتحانات میں ملک بھر سے ہزاروں امیدوار شریک ہوئے تھے، مگر صرف 2.77 فیصد امیدوار تحریری مرحلہ کامیابی سے عبور کر سکے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : لکی مروت، ڈاکوؤں نے مسافر بس لوٹ لی، نقدی اور موبائل فونز چھین لیے
تحریری نتائج 22 اگست 2025 کو جاری کیے گئے تھے، اور اس کے بعد کامیاب امیدواروں کو انٹرویوز کے لیے بلایا گیا۔
امیدوار اس وقت حتمی نتائج کے اعلان کے شدت سے منتظر ہیں کیونکہ اسی کے بعد مختلف سرکاری سروسز میں تقرری کا عمل شروع ہو گا۔
سی ایس ایس امتحان پاکستان کے سب سے مشکل اور معتبر مقابلے کے امتحانات میں شمار ہوتا ہے، اور اس میں کامیابی نوجوانوں کے لیے اعلیٰ سرکاری عہدوں تک رسائی کے اہم دروازے کھولتی ہے۔





