محمد آصف نے نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ میں شاندار فتح حاصل کر لی

کراچی: تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن محمد آصف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیشنل بینک گولڈن جوبلی 50ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔

نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے چیمپئن شپ کے فائنل میں محمد آصف کا مقابلہ پنجاب کے رانا عرفان سے ہوا۔ 11 فریمز پر مشتمل یہ فائنل نہایت سنسنی خیز اور دلچسپ ثابت ہوا، جس میں دونوں کھلاڑیوں نے اعلیٰ معیار کا کھیل پیش کیا۔

فائنل کے دوران رانا عرفان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے فریم میں 112 اور ساتویں فریم میں 141 کا شاندار سنچری بریک کھیلا، جو اس چیمپئن شپ کا سب سے بڑا بریک رہا۔

تاہم دو سنچری بریک لگانے کے باوجود رانا عرفان کامیابی حاصل نہ کر سکے اور محمد آصف کے سامنے انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

محمد آصف نے پوری چیمپئن شپ کے دوران مسلسل عمدہ کھیل پیش کیا اور مجموعی طور پر 8 سنچری بریکس اسکور کیے۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے پانچویں مرتبہ نیشنل اسنوکر چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔

چیمپئن شپ کے اختتام پر انعامات کی تقسیم کی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں نیشنل بینک کے صدر رحمت حسنی، پاکستان بلئیرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کے صدر عبدالقادر میمن اور عالمگیر شیخ نے مجموعی طور پر 16 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے۔

یہ بھی پڑھیں : انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان کا آخری گروپ میچ آج کھیلا جائے گا

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن، ایشین ٹائٹل اور سارک چیمپئن شپ کے فاتح محمد آصف نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے لیے بے شمار اعزازات جیتے ہیں، تاہم تاحال انہیں اعلان کردہ مکمل انعامی رقم نہیں مل سکی اور نہ ہی ان کامیابیوں کے مطابق انہیں وہ پذیرائی دی گئی جس کے وہ مستحق ہیں۔

محمد آصف کا کہنا تھا کہ اسنوکر جیسے کھیل میں عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کے باوجود حکومتی اور سرکاری سرپرستی کی کمی کھلاڑیوں کے لیے مایوس کن ہے۔

Scroll to Top