سوشل میڈیا پر موبائل فونز پر عائد ٹیکسز میں کمی کے حوالے سے گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واضح کیا ہے کہ اس نوعیت کا نوٹیفکیشن جعلی ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ موبائل فون ٹیکس میں مبینہ کمی اور درآمد کنندگان یا صارفین سے متعلق ہدایات پر مشتمل جو نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے وہ مکمل طور پر غلط اور گمراہ کن ہے۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق اتھارٹی نے اس حوالے سے کوئی نئی ہدایت یا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اور مشکوک معلومات کو آگے شیئر کرنے سے گریز کریں اور درست معلومات کے لیے پی ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ یا مستند سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رجوع کریں۔
واضح رہے کہ زیرِ گردش جعلی نوٹیفکیشن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ موبائل فون ٹیکس میں کمی صرف قانونی امپورٹرز اور رجسٹرڈ وینڈرز کے لیے کی گئی ہے جبکہ عام صارفین یا ذاتی استعمال کے لیے فون منگوانے والوں پر سابقہ ٹیکس ہی لاگو رہے گا، جسے پی ٹی اے نے بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔





