اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پشاور ہائیکورٹ میں چھ نئے ججز کی تقرری کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت جسٹس محمد طارق آفریدی، جسٹس عبد الفیاض، اور جسٹس صلاح الدین کو ہائیکورٹ کے جج مقرر کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اس کے علاوہ جسٹس صادق علی، جسٹس سید مدثر امیر اور جسٹس قاضی جواد احسن کو بھی پشاور ہائیکورٹ میں جج کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔
وزارتِ قانون نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقرریاں عدلیہ کی استعداد کار بڑھانے اور مؤثر قانونی نظام کو مضبوط کرنے کے لیے کی گئی ہیں۔
نئے ججز کی تعیناتی کے بعد توقع ہے کہ ہائیکورٹ میں مقدمات کی سماعت کے عمل میں تیزی اور شفافیت آئے گی، اور عدالتی فیصلوں کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
وزارتِ قانون نے مزید کہا کہ اس اقدام سے عدلیہ کی ساکھ اور عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ججز کی نئی تعیناتی عدالتی بوجھ کم کرنے اور مقدمات کے طویل عرصے تک التوا سے بچانے میں مددگار ثابت ہوگی، جس سے شہریوں کو انصاف کی بروقت فراہمی ممکن ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں افسران کے تقرری اور تبادلے
جبکہ دوسری جانب لائیوسٹاک، فشریز اور کوآپریٹیو ڈپارٹمنٹ خیبرپختونخوا نے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ایکسٹینشن) لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ کے پانچ افسران کے تقرری اور تبادلے کر دیے ہیں۔ یہ تبادلے عوامی مفاد میں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق، ڈاکٹر عبدالاہد کو ڈپٹی ڈائریکٹر (پلاننگ)، لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ (ایکسٹینشن) مرجڈ ایریاز میں تعینات کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر اسلام زیب کو کمیونٹی ڈیری میٹ ڈیولپمنٹ کے پروجیکٹ سے واپس بلا کر ڈپٹی ڈائریکٹر پولٹری کے عہدے پر منتقل کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر فضل الہٰی کو ڈپٹی ڈائریکٹر پولٹری کے عہدے سے ڈپٹی ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز تعینات کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سجاد احمد کو ڈپٹی ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز کے عہدے سے سینئر ویٹرنری آفیسر، سول ویٹرنری ہسپتال ککی، ضلع بنوں میں خالی اسامی پر تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح ڈاکٹر محمد آفتاب کو ڈپٹی ڈائریکٹر (پلاننگ)، مرجڈ ایریاز سے سینئر ویٹرنری آفیسر، دفتر ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک، سوات میں خالی اسامی پر تعینات کیا گیا ہے۔





