چترال، دیر اور چلاس میں شدید برفباری، رابطہ سڑکیں بند، بجلی کا نظام متاثر

چترال اور گردونواح میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔

چترال ٹاؤن میں ایک فٹ سے زائد جبکہ لواری ٹنل کے اپروچ روڈ پر تین فٹ تک برف پڑ چکی ہے, شدید برفباری کے باعث لواری ٹنل سمیت چترال کی تمام رابطہ سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔

برفباری کے بعد چترال میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے متعدد مقامات پر بجلی کے کھمبے زمین بوس ہونے سے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہے, اپر چترال میں بھی برفباری ہو چکی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

دوسری جانب چلاس اور اس کے مضافاتی علاقوں میں رات گئے سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بابوسر ٹاپ، فیری میڈوز، نانگا پربت اور تھور، داریل، تانگیر سمیت دیگر بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی ہے۔

برفباری کے باعث بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں منقطع ہو گئی ہیں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تھور پاور ہاؤس کی بجلی بھی منقطع ہو چکی ہے۔

دیر اور اس کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں دوسرے روز بھی برفباری جاری ہے، دیر شہر میں موسم سرما کی پہلی برفباری رات سے وقفے وقفے سے ہو رہی ہے جہاں اب تک چھ انچ تک برف پڑ چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایبٹ آباد کے سیاحتی علاقوں میں شدید برفباری، گلیات میں نظامِ زندگی متاثر

لواری میں ڈھائی فٹ جبکہ کمراٹ، تھل اور براول میں ایک فٹ سے زائد برف ریکارڈ کی گئی ہے، برفباری کے باعث لواری روڈ سے چترال اور دیر آنے جانے والی ٹریفک میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

چلاس پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شاہراہ قراقرم کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد ہی سفر کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top