ایبٹ آباد کے سیاحتی علاقوں میں شدید برفباری، گلیات میں نظامِ زندگی متاثر

ایبٹ آباد کے سیاحتی علاقوں میں رات گئے سے شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث گلیات کے مختلف مقامات سفید چادر میں لپٹ گئے ہیں۔

نتھیاگلی، ایوبیہ، جانسپور اور چھانگلہ گلی میں وقفے وقفے سے بھاری برفباری ہو رہی ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق نتھیاگلی میں چار فٹ جبکہ ایوبیہ میں تین فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔

شدید موسمی صورتحال کے پیشِ نظر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا عملہ ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد فواد کا کہنا ہے کہ ہیوی مشینری کی مدد سے گلیات کے مختلف ٹاؤنز میں برف ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے

ڈی جی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد فواد نے کہا کہ ایبٹ آباد کے سیاحتی علاقوں میں شدید برفباری، گلیات میں نظام زندگی متاثر ہے ، گلیات کی اہم سڑکیں جلد ٹریفک کے لیے کھول دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں تیز بارش اور برفباری، اب تک کتنے افراد متاثر ہوئے؟ رپورٹ سامنے آ گئی 

ڈی جی محمد فواد نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

 ان کا کہنا تھا کہ برفباری کے دوران سنو چینز کا استعمال لازمی کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

شدید برفباری کے باعث علاقے میں سیاحوں کی آمد متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

Scroll to Top