ایپل اپنی اگلی سیریزآئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس میں ایک نئے اور حیرت انگیز فیچر کو متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس فیچر کے ذریعے صارفین سیٹلائیٹ کے ذریعے براہِ راست کال کر سکیں گے، حتیٰ کہ ایسے علاقوں میں جہاں سیلولر یا انٹرنیٹ سروس دستیاب نہ ہو۔
رپورٹ کے مطابق ایپل نے اس مقصد کے لیے اسپیس ایکس سے مذاکرات شروع کر دیے ہیں تاکہ اسٹار لنک سیٹلائیٹ نیٹ ورک کو کالنگ فیچر کے لیے استعمال کیا جا سکے۔
موجودہ آئی فون ماڈلز میں صرف سیٹلائیٹ میسجنگ کے ذریعے ایمرجنسی سروسز دستیاب ہیں، جو صارفین کو محدود علاقوں میں امدادی اداروں سے رابطہ کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
ایپل اس فیچر کو متعارف کرانے کے لیے گلوبل اسٹار کمپنی کے سیٹلائیٹس پر انحصار ختم کرنے کی تیاری کر رہا ہے، اور اسپیس ایکس کے اسٹار لنک کے ذریعے یہ فیچر صارفین تک پہنچایا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر کے لیے کوئی اضافی ہارڈ وئیر درکار نہیں ہوگی، اور صارفین براہِ راست سیٹلائیٹ کے ذریعے کال کر سکیں گے۔
مزید برآں ایپل کی جانب سے ایپ ڈویلپرز کے لیے ایک نئی API تیار کی جا رہی ہے، جس سے ایپلیکیشنز میں سیٹلائیٹ کنکشن کی سہولت شامل کی جا سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانیوں کے لیے ایک اور بڑی خوشخبری
اسی طرح ایپل میپس کے ایسے ورژن پر کام جاری ہے جو بغیر سیلولر یا وائی فائی کنکشن کے بھی نیوی گیشن میں مدد فراہم کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق سیٹلائیٹ میسجز میں فوٹوز کی سپورٹ بھی شامل کی جا رہی ہے اور صارفین اس وقت بھی سیٹلائیٹ سے منسلک رہ سکیں گے جب فون کا رخ آسمان کی جانب نہ ہو۔
ایپل کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، لیکن آئی فون 18 سیریز کے ماڈلز کی لانچ ستمبر 2026 میں متوقع ہے، جس کے بعد اس فیچر کی تفصیلات اور درستگی کا اندازہ لگایا جا سکے گا۔





