پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم کا نام اور لوگو باضابطہ طور پر متعارف

نئے پی ایس ایل فرنچائز حیدرآبادنے اپنا نام اور لوگو باضابطہ طور پر متعارف کروا دیا ہے۔ ٹیم کا نام حیدرآباد ہیوسٹن کنگزمین رکھا گیا ہےجس کا اعلان نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں مالکان کی جانب سے کیا گیا۔

اس سے قبل فرنچائز نے آسٹریلوی ٹاپ آرڈر بلے باز مارنس لابوشگنے کو ڈائریکٹ سائننگ کے طور پر شامل کیا ہے۔ اس کے علاوہ چار مقامی کھلاڑی بھی ٹیم کا حصہ بنے ہیں جن میں سائم ایوب، عثمان خان، عاکف جاوید اور معاز صداقت شامل ہیں۔

سائم ایوب کو پلیٹینم کیٹیگری میں 126 ملین روپے، عثمان خان کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں 46.2 ملین روپے، عاکف جاوید کو گولڈ کیٹیگری میں 19.6 ملین روپے اور معاز صداقت کو ایمرجنگ کیٹیگری میں 35 ملین روپے میں حاصل کیا گیا۔

مارنس لابوشگنے آسٹریلوی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے مستقل رکن ہیں اور 2023 کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی فتح کا حصہ رہے۔ انہوں نے 59 ٹی20 میچز میں 1381 رنز بنائے ہیں۔

فرنچائز نے کوچنگ اسٹاف کو بھی مضبوط کیا ہے۔ سابق پاکستان ریڈ بال ہیڈ کوچ اور آسٹریلوی آل راؤنڈر جیسن گلسیپی کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ دیگر کوچز میں گرانٹ بریڈ برن فیلڈنگ کوچ، کریگ وائٹ اسسٹنٹ کوچ، حنیف ملک بیٹنگ کوچ اور زیک مارٹن اسٹرینتھ و کنڈیشننگ کوچ کے طور پر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے 3 مئی تک منعقد ہوگا، اور اس سال روایتی ڈرافٹ کی بجائے پلیئر آکشن 11 فروری کو ہوگی۔

نئی فرنچائز کے انتظامی حقوق ایف کے ایس گروپ نے حاصل کیے ہیںجس کے صدر فواد سرور نے کہا کہ ٹیم کا نام حیدرآباد رکھا گیا کیونکہ یہ ان کا آبائی شہر ہے۔ فواد سرور امریکہ میں مقیم ہیں اور کنگز مین اسپورٹس اینڈ انٹرپرائز کے بانی بھی ہیں۔

Scroll to Top