ٹی20 ورلڈ کپ:پاکستان نے امریکا کو بڑا ہدف دیدیا

ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے 12 ویں میچ میں پاکستان نے امریکا کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دے دیا۔

کولمبو میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔

اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 41 گیندوں پر شاندار 73 رنز کی اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔ کپتان بابر اعظم نے 32 گیندوں پر 46 رنز بنائے جبکہ صائم ایوب 19 رنز بنا کر پویلین واپس گئے اور کپتان سلمان علی آغا صرف ایک رن ہی بنا سکے۔

شاداب خان نے 30 رنز کی تیز اننگز کھیلیں، محمد نواز 5 رنز تک محدود رہے، فہیم اشرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے اور عثمان خان صفر پر رن آؤٹ ہوئے۔

امریکا کی جانب سے شیدلے وین نے چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد محسن اور ہرمیت سنگھ نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

امریکی ٹیم نے علی خان کی جگہ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر احسان عادل کو شامل کیا ہے، جبکہ پاکستان نے سلمان مرزا کی جگہ اسپنر عثمان طارق کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا۔

میچ سے قبل امریکی کپتان مونانک پٹیل نے کہا کہ وہ اچھی بولنگ کے ذریعے پاکستان کو کم اسکور پر روکنے کی کوشش کریں گے اور یاد دلایا کہ پچھلے میچ میں ان کی ٹیم نے بھارت کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔

پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ امریکہ کے خلاف بڑا اسکور کیا جائے اور انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے ٹیم اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے۔

واضح رہے کہ گروپ اے میں پاکستان نے اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف تین وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ امریکا نے دفاعی چیمپئن بھارت کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا لیکن کامیابی حاصل نہ کر سکی۔

پاکستان اگر یہ میچ جیتتا ہے تو گروپ میں پہلے نمبر پر آ جائے گاجبکہ امریکاکے لیے یہ میچ کافی اہم ثابت ہوگا۔

Scroll to Top