عمران خان اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز کے بارے میں بڑا فیصلہ سامنے آ گیا

پشاور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز پہلی بار پشاور میں بھی کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں سکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ رواں سال کے پی ایس ایل ایڈیشن کے میچز پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے انٹر اسکولز کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت کی اور صوبے کے ٹیلنٹ کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے 60 فیصد کھلاڑی خیبر پختونخوا سے تعلق رکھتے ہیں، جو صوبے میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ کا واضح ثبوت ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ صوبے کے کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے خیبر پختونخوا کے لیے دو ٹیمیں بنائی جائیں گی تاکہ نوجوان کھلاڑی آگے آ سکیں اور قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھا سکیں۔

چیئرمین پی سی بی نے ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اس فیصلے کا مقصد صرف بنگلا دیش کو عزت دینا تھا اور اس کے پیچھے کسی قسم کا دباؤ یا شرط شامل نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان بھر میں مشہور شنکر چپلی کباب مردان کے مالک حاجی عمر خطاب انتقال کرگئے

محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا واحد فوکس کھیل اور کھلاڑیوں کی ترقی پر ہے اور تمام فیصلے قومی مفاد کے مطابق کیے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے سب سے پہلے قومی مفاد ہے اور دیگر معاملات اس کے بعد آتے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کا 11 واں ایڈیشن 26 مارچ سے 3 مئی تک جاری رہے گا، جس میں ملک کے مختلف شہروں کے علاوہ اب پہلی بار پشاور میں بھی شائقین کرکٹ کے لیے شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

Scroll to Top