پی ایس ایل 11 نیلامی: کن کھلاڑیوں کی بولی سب سے زیادہ لگی، کون سستا رہا اور کسے خریدار نہ ملا؟

پاکستان سپر لیگ کیلئے پہلی بار کھلاڑیوں کی نیلامی کا انعقاد کیا گیا جہاں پی ایس ایل 11 کے لیے آٹھ فرنچائزز نے ملکی اور غیر ملکی کرکٹرز کو بولی کے ذریعے اپنی ٹیموں میں شامل کیا۔

لاہور میں منعقد تقریب میں پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور تمام فرنچائز مالکان شریک ہوئے۔

نیلامی کے دوران سب سے زیادہ توجہ قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے حاصل کی جنہیں راولپنڈی فرنچائز نے 8 کروڑ 60 لاکھ روپے کی خطیر رقم میں خریدا، یوں وہ اس ایڈیشن کے مہنگے ترین کھلاڑی قرار پائے۔ اس کے برعکس جہانزیب سلطان 60 لاکھ روپے میں منتخب ہو کر سب سے کم قیمت پر فروخت ہونے والے کھلاڑی رہے۔

کراچی کنگز نے سخت مقابلے کے بعد ڈیوڈ وارنر کو 7 کروڑ 90 لاکھ روپے میں اپنے ساتھ برقرار رکھا۔ اسی فرنچائز نے قومی کپتان سلمان علی آغا کو 5 کروڑ 85 لاکھ اور محمد اعظم کو 3 کروڑ 25 لاکھ روپے میں اسکواڈ کا حصہ بنایا، جبکہ ایڈم زیمپا 4 کروڑ 50 لاکھ اور شاہد عزیز 92 لاکھ 50 ہزار میں ٹیم میں شامل ہوئے۔

لاہور قلندرز نے فخر زمان کو 7 کروڑ 95 لاکھ اور حارث رؤف کو 7 کروڑ 60 لاکھ روپے میں برقرار رکھا۔ عبید شاہ 2 کروڑ 70 لاکھ جبکہ اسامہ میر ساڑھے 3 کروڑ روپے میں قلندرز کا حصہ بنے۔

راولپنڈی فرنچائز نے نسیم شاہ کے علاوہ ڈیرل مچل کو 5 کروڑ 85 لاکھ اور محمد عامر کو 5 کروڑ 40 لاکھ میں حاصل کیا، جبکہ رشاد حسین 3 کروڑ روپے میں ٹیم میں شامل ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے فہیم اشرف کو 8 کروڑ 50 لاکھ روپے میں خرید کر بڑی سرمایہ کاری کی۔ مہران ممتاز ایک کروڑ 20 لاکھ اور میکس برائنٹ ایک کروڑ 95 لاکھ میں ٹیم کا حصہ بنے، جبکہ مارک چیمپئن 7 کروڑ اور وسیم جونیئر 4 کروڑ 10 لاکھ روپے میں منتخب کیے گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے رائلی روسو کو 5 کروڑ 55 لاکھ اور خواجہ محمد نافع کو 6 کروڑ 50 لاکھ میں حاصل کیا۔ مزید برآں فیصل اکرم ایک کروڑ 25 لاکھ، عرفات منہاس ایک کروڑ 10 لاکھ اور جہانداد خان 2 کروڑ 50 لاکھ میں اسکواڈ میں شامل کیے گئے۔

پشاور زلمی نے عامر جمال کو ایک کروڑ 90 لاکھ، خرم شہزاد کو 2 کروڑ 70 لاکھ اور محمد حارث کو 2 کروڑ 20 لاکھ روپے میں خریدا۔ نئی شامل ہونے والی ٹیم حیدرآباد کنگز مین نے محمد علی کو 2 کروڑ 15 لاکھ جبکہ کوشل پریرا کو 3 کروڑ 10 لاکھ میں اپنے ساتھ جوڑا۔ سیالکوٹ اسٹالینز نے صاحبزادہ فرحان کو 5 کروڑ 70 لاکھ، ایشٹن ٹرنر کو 4 کروڑ 20 لاکھ اور جہانزیب سلطان کو 60 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔

نیلامی کے عمل میں بعض معروف کھلاڑی کسی بھی فرنچائز کی فہرست میں جگہ نہ بنا سکے۔ ان میں عماد وسیم، حسین طلعت، دانش عزیز، آصف آفریدی، کولن منرو، سعود شکیل، احسان اللہ، محمد حسنین، رومان رئیس اور وینڈر ڈوسن سمیت دیگر شامل ہیں، جو پی ایس ایل 11 میں شرکت نہیں کریں گے۔

Scroll to Top