پشاور: ڈائریکٹوریٹ جنرل ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام جمعہ کے روز پشاور میں من پسند نمبر پلیٹس کی حوالگی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عبدالحلیم خان، محکمہ کے ڈائریکٹرز، افسران اور نمبر پلیٹس کے مالکان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر پشاور 1، ہری پور 1 اور درانی 1 نمبر پلیٹس کے مالکان نے اپنی پلیٹس وصول کیں، جب کہ وزیر 1 اوریوسفزئی 1 کے نمبر پلیٹس بھی باضابطہ طور پر مالکان کے نمائندوں کو فراہم کی گئیں۔
صوبائی وزیر سید فخر جہان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ نیلامی ریکارڈ سطح پر شفافیت اور عوام دوست نظام کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ من پسند نمبر پلیٹس کے ذریعے شہری اپنی پسند کے نمبر قانونی اور محفوظ طریقے سے حاصل کر سکتے ہیں، جس سے نہ صرف سہولت کاری میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ محکمہ ایکسائز کے نظام پر عوام کا اعتماد بھی مضبوط ہوتا ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جاری اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں محکمہ ایکسائز کی خدمات تیز، مؤثر اور شفاف بنائی جا رہی ہیں اور اسی وجہ سے شہری بڑھ چڑھ کر ان نیلامیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ مستقبل میں من پسند نمبر پلیٹس کی دوسری نیلامی بھی کامیابی سے منعقد کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : لانگ مارچ، دھرنے سے کسی کی آزادی نہیں ہو سکتی، گورنر خیبر پختونخوا
صوبائی وزیر نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں محکمہ ایکسائز کو مزید آگے لے جانے کی کوشش جاری رہے گی۔
تقریب میں شریک نمبر پلیٹس کے مالکان نے اس شفاف نیلامی کے عمل، محکمہ کے خوش اخلاق اور پیشہ ورانہ عملے کی تعریف کی اور کہا کہ یہ اقدامات شہری اعتماد میں واضح اضافہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کی ٹیم نے مؤثر انتظامات، شہری دوست ماحول اور شفاف نیلامی کے ذریعے عوام کو بہترین سہولت فراہم کی ہے۔





