امریکہ : اسلامی دنیا کی نمائندہ تنظیم آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) نے امریکی سفیر کے اشتعال انگیز بیان کے بعد ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
اجلاس کا مقصد اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات پر غور کرنا اور رکن ممالک کے درمیان مشترکہ مؤقف تیار کرنا ہے۔
او آئی سی نے اعلان کیا ہے کہ ہنگامی اجلاس 26 فروری کو منعقد ہوگا۔ اجلاس میں رکن ممالک کی جانب سے اسرائیلی اقدامات کے خلاف حکمت عملی ترتیب دی جائے گی تاکہ فلسطینی حقوق کی پامالی کے معاملات پر مؤثر ردعمل دیا جا سکے۔
او آئی سی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل فلسطین کے دو ریاستی حل کو کمزور کرنا چاہتا ہے اور امریکی سفیر کے حالیہ بیان نے اسرائیل کو خطے میں قبضے کی حوصلہ افزائی فراہم کی ہے۔
تنظیم نے مزید کہا کہ ایسے بیانات سے اسرائیل کو فلسطینی علاقوں پر غیر قانونی کنٹرول حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی ملتی ہے، جو فلسطینی عوام کے حقوق پر ڈاکے کے مترادف ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شمال مشرقی امریکا میں شدید برفانی طوفان، نظام زندگی مفلوج، ہزاروں پروازیں منسوخ
خیال رہے کہ اسرائیل میں امریکا کے سفیر مائیک ہکابی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر اسرائیل مشرق وسطیٰ کے وسیع علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
گذشتہ روز بھی او آئی سی نے امریکی سفیر کے بیان کی مذمت کی تھی اور اس بات پر زور دیا تھا کہ ایسے بیانات خطے میں امن کے عمل اور فلسطین کے قانونی حقوق کے لیے نقصان دہ ہیں۔





