عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور آج ایک بار پھر قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سونا نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں آج 107 ڈالر فی اونس کا بڑا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد فی اونس قیمت 5200 ڈالر کی سطح عبور کر گئی۔ اس سے قبل گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں 30 ڈالر کا اضافہ ہوا تھا اور فی اونس قیمت 5138 ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔ یوں صرف دو روز میں مجموعی طور پر 137 ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے سرمایہ کاروں اور خریداروں کو حیران کر دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، کرنسی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہو سکتی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 5 لاکھ 34 ہزار 562 روپے تھی، تاہم عالمی مارکیٹ میں نمایاں اضافے کے بعد مقامی صرافہ بازار میں بھی آج بڑے اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔
صرافہ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتیں مزید نئی بلندیوں کو چھو سکتی ہیں۔





