جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ قومی وحدت اور اطمینان کے لیے ملک میں فوری طور پر نئے انتخابات کرائے جائیںکیونکہ دھاندلی کے نتیجے میں بننے والی حکومتیں صرف دعوے کر سکتی ہیں کام نہیں کر سکتیں۔
چارسدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست پارٹیاں کرتی ہیں لیکن حکومت کا کام عوام کے مسائل حل کرنا ہوتا ہے، کوئی بھی صوبہ وفاق کی مدد کے بغیر عوامی مسائل حل نہیں کر سکتا،وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور وزیراعظم کی ملاقات بہت پہلے ہو جانی چاہیے تھی۔
مولانا فضل الرحمن نے ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی وحدت اور اطمینان کے لیے ملک میں فوری طور پر نئے انتخابات کرائے جائیں، کیونکہ دھاندلی کے نتیجے میں بننے والی حکومتیں صرف دعوے کر سکتی ہیں، کام نہیں کر سکتیں۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ: مسلح افراد کی پولیس پر فائرنگ، 4 اہلکار شہید
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے نتائج بدلنا اب کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں رہی اور ایسی حکومتیں نہ امن و امان لا سکتی ہیں اور نہ ہی معاشی استحکام۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ پر اب عوام کا اعتماد نہیں رہا اور ہماری حکومتیں عالمی مالیاتی اداروں کی یرغمال بنی ہوئی ہیں۔
بین الاقوامی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ امریکہ پوری دنیا میں عدم استحکام پیدا کر کے اپنی بادشاہت قائم رکھنا چاہتا ہے، اس کی خواہش ہے کہ ایران اور افغانستان غیر مستحکم رہیں۔
پی ٹی آئی کی تحریک کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے طنزاً کہا کہ “پی ٹی آئی کے کنٹینر میں مجھے تیل نظر نہیں آ رہا”۔
مولانا فضل الرحمن نے واضح کیا کہ وہ پاکستان کی تقسیم کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے، تاہم بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے عوام کے حقوق پر بھرپور بات ہونی چاہیے۔





