عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان نے بدترین صورتحال کے دوران خیبر پختونخوا حکومت کی غیر موجودگی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
پشاور سے جاری بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک ہے اور خیبر پختونخوا ایک خطرناک عدم استحکام کے دور سے گزر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے واقعات نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ بدترین حالات میں صوبائی حکومت کہیں نظر نہیں آ رہی، تاہم اے این پی دیرپا امن کے ہر مثبت اور مؤثر اقدام کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے عوام کی حفاظت اور صوبے میں امن قائم رکھنے کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اقدامات کرے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنائے، تاکہ صوبے میں بدامنی اور غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ کیا جا سکے۔





