ایران کا حملہ !اسرائیل کا دارالحکومت تل ابیب دھماکوں سے گونج اُٹھا

ایران کا حملہ !اسرائیل کا دارالحکومت تل ابیب دھماکوں سے گونج اُٹھا

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی نے خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی میزائل حملے کیے گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی شہر تل ابیب میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ شمالی شہر حیفہ میں بھی زور دار دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ایران نے اسرائیل کی مبینہ جارحیت کے جواب میں وسیع پیمانے پر بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے کیے۔ بعض رپورٹس کے مطابق 30 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی ایران کے خلاف اقدامات کا جواب ہے اور دشمن کو واضح پیغام دینے کے لیے کی گئی ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام نے میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے شہریوں کو حفاظتی پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت کی ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے عوام کو میزائل حملوں کی ویڈیوز بنانے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے بھی روکا گیا ہے، تاکہ سیکیورٹی معلومات افشا نہ ہوں۔

تاحال جانی و مالی نقصانات کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، تاہم خطے میں کشیدگی میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ عالمی برادری کی جانب سے صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ ماہرین خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ اگر کشیدگی کم نہ ہوئی تو یہ تنازع وسیع پیمانے پر پھیل سکتا ہے۔

Scroll to Top