ہونڈا پرائیڈر کا نیا ماڈل متعارف ، قیمت سامنے آگئی

پاکستان میں معروف موٹرسائیکل ساز کمپنی اٹلس ہونڈا نے ہونڈا پرائیڈر کا تازہ ترین ورژن مارکیٹ میں پیش کر دیا ہے جسے کمپنی کی جانب سے نیا ماڈل قرار دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ موٹرسائیکل روزمرہ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے معیشت، آرام اور پائیداری کا بہترین امتزاج پیش کرتی ہے اور اس نئے ماڈل کی لانچ کا مقصد سواری کے تجربے کو مزید بہتر بنانا اور عملی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اٹلس ہونڈا نے اس نئے ماڈل کی قیمت 2,11,900 روپے مقرر کی ہے۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ نئے ماڈل میں انجن، کارکردگی، فریم، سسپنشن یا دیگر بنیادی مکینیکل حصوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور تمام تکنیکی خصوصیات پچھلے ورژن کی طرح برقرار رکھی گئی ہیں۔

اس نئے اپ ڈیٹ میں بنیادی توجہ کاسمیٹک تبدیلیوں پر دی گئی ہے جس کے تحت موٹرسائیکل کے گرافکس اور اسٹیکرز کو نئے انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے، جبکہ مجموعی ساخت اور ترتیب پچھلے ماڈلز جیسی ہی ہے۔

واضح رہے کہ اٹلس ہونڈا نے اس سے قبل اپنی دوسری موٹرسائیکل ہونڈا CB 125F کو بھی “Ride the Cool” کے نعرے کے تحت متعارف کرایا تھا جس میں صرف ظاہری تبدیلیاں شامل تھیں۔

ہونڈا پرائیڈر کا یہ نیا ورژن بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس میں کسی اسٹرکچرل یا مکینیکل اپ گریڈ کے بجائے صرف گرافکس کی تبدیلی کے ساتھ مارکیٹ میں لایا گیا ہے۔

Scroll to Top