پشاور میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر کے اہم سرکاری اداروں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ایف سی ہیڈکوارٹر کے داخلی دروازے جدید ترین بلٹ پروف سکیورٹی مواد سے تیار کر دیے گئے ہیں اور اندرونی و بیرونی سیکورٹی کو مزید سخت بنایا گیا ہے۔
پولیس حکام نے تمام دفاتر کے مرکزی دروازے بند کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ ایف سی ہیڈکوارٹر کے ارد گرد حفاظتی دیواریں تعمیر کی گئی ہیں۔ پشاور پولیس لائن، سینٹرل جیل اور ریڈ زون میں بھی سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ مختلف اہم مقامات پر خصوصی رکاوٹیں (پیریڈز) نصب کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حملے کو بروقت روکا جا سکے۔
سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر سرکاری ملازمین کو سیکرٹریٹ کی حدود میں موٹر سائیکل لانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردانہ کارروائیوں کی روک تھام کے لیے کیے جا رہے ہیں۔





