بالاکوٹ واقعہ،ڈی پی او کا پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن

مانسہرہ کے علاقے بالاکوٹ میں پارس کے رہائشی نوجوان شہریار پر پولیس اہلکاروں کے مبینہ تشدد کے واقعہ پر ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملوث دو اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ضلعی پولیس سربراہ نے واقعے کا سخت نوٹس لیا اور ذمہ دار اہلکاروں قدیر اور عبداللہ شاہ کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹا کر پولیس لائن کلوز کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

معطل کیے گئے دونوں اہلکاروں کو باقاعدہ چارج شیٹ جاری کر دی گئی ہے اور ان کے خلاف محکمانہ انکوائری کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر ڈی پی او مانسہرہ کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری رہے گا کیونکہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شفاف انکوائری مکمل ہونے کے بعد واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔

Scroll to Top