اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے بجلی صارفین پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈالتے ہوئے فی یونٹ قیمت میں ایک روپے 63 پیسے اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ اضافہ جنوری کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نیپرا کے مطابق اس اضافے کا اطلاق کراچی کے صارفین سمیت ملک بھر کے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین پر ہوگا اور یہ رقم صارفین سے مارچ کے مہینے کے بجلی کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا بوجھ لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر نہیں پڑے گاجبکہ دیگر تمام کیٹیگریز کے صارفین اس اضافی ادائیگی کے پابند ہوں گے۔





