نیوزی لینڈ کی ٹیم جنوبی افریقا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔
ایڈن گارڈن کولکتہ میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کی جانب سے دیا جانے والا 170 رنز کا ہدف محض 12.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا۔
کیوی اوپنر فن ایلن نے صرف 33 گیندوں پر ناقابلِ شکست سنچری اسکور کی جس میں 8 بلند و بالا چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ ان کا ساتھ دیتے ہوئے ٹم سائفرٹ نے 33 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ راچن رویندرا 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے واحد وکٹ کاگیسو ربادا نے حاصل کی جبکہ مارکو ینسن 2.5 اوورز میں 53 رنز دے کر سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے تھے۔ مارکو ینسن کی 55 رنز کی اننگز بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری اور راچن رویندرا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقی بیٹنگ لائن کو محدود رکھا۔
واضح رہے کہ کیوی کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر ایڈن مارکرم الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔





