سابق کپتان نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ سلوک پر سوالات اٹھا دیے
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی اجارہ داری کے خلاف سخت بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کرکٹ سے بھارت کی اجارہ داری ختم کرنی ہے تو تمام کرکٹ بورڈز کو متحد ہونا ہوگا۔ انضمام الحق نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی طرف سے اپنے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی لیگز میں شرکت سے روکنے پر بھی تنقید کی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی اجارہ داری کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انضمام نے کہا کہ اگر کرکٹ سے بھارت کی اجارہ داری ختم کرنی ہے تو تمام کرکٹ بورڈز کو ایک ہونا ہوگا۔ انضمام کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل میں دنیا بھر کے کھلاڑی حصہ لیتے ہیں، مگر بھارتی کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں کو کسی دوسری لیگ میں شرکت کی اجازت نہیں دیتا، سوائے انگلینڈ کی کاؤنٹی کرکٹ کے جہاں وہ اپنی فارم کو بحال کرتے ہیں۔
انضمام الحق نے مزید کہا کہ پاکستانی کرکٹرز کے علاوہ دنیا بھر کے کھلاڑی آئی پی ایل میں کھیلنے کے لیے ہندوستان کا رخ کرتے ہیں، لیکن بھارتی کھلاڑی اس وقت تک کسی دوسری لیگ میں حصہ نہیں لے سکتے جب تک وہ آئی پی ایل اور انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر نہ ہو جائیں۔
انضمام نے یہ بھی بتایا کہ کئی غیر ملکی کھلاڑی آئی پی ایل کے لیے اپنے بین الاقوامی کرکٹ میچوں کو چھوڑ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کرکٹ کے کھیل کو حقیقی طور پر آزاد اور غیر متعصب بنانا ہے تو دنیا کے تمام کرکٹ بورڈز کو مل کر بھارتی اجارہ داری کے خلاف قدم اٹھانا ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے 2008 میں آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں حصہ لیا تھا، لیکن بعد میں خراب سیاسی تعلقات کی وجہ سے پاکستانی کرکٹرز پر آئی پی ایل میں شرکت پر پابندی عائد کردی گئی۔