پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 15ویں میچ میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز مین کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے مارنس لبوشین الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ رات میں ڈیو فیکٹر (شبنم) ہوتا ہے اس لیے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں یہ ہمارا پہلا میچ ہے اس لیے ہم دیکھنا چاہ رہے ہیں کہ پچ کی کنڈیشن کیسی ہے۔
دوسری جانب حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیل کر آج کے میچ میں کامیابی حاصل کریں۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال دیکھی جائے تو حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم اب تک صفر پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے، انہیں اپنے ابتدائی تینوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کے برعکس پشاور زلمی کی ٹیم دو میچز کھیل کر تین پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر کرنے کے حوالے سے انتہائی اہم ہے۔





