برطانیہ جانے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے جہاں برطانوی حکومت نے مختلف ویزا کیٹیگریز کی فیسوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
برطانوی ہوم آفس کے مطابق ویزا فیسوں میں اس اضافے کا اطلاق بدھ 8 اپریل سے ہو چکا ہے۔
نئی تبدیلیوں کے تحت نیشنلٹی کی درخواستوں پر 104 پاؤنڈ جبکہ اسٹوڈنٹ ویزا کی فیس میں 34 پاؤنڈ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وزٹ ویزا کی فیس میں 8 پاؤنڈ کا اضافہ کیا گیا ہے تاہم برٹش چائلڈ کی رجسٹریشن فیس 1214 پاؤنڈ سے کم کرکے 1000 پاؤنڈ کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی ہوم آفس ہر سال اپریل میں ویزا فیسوں میں تبدیلی کرتا ہے اور گزشتہ چند سالوں میں فیسوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی برطانیہ نے اپنی امیگریشن پالیسی میں مزید سختی کرتے ہوئے 4 ممالک کے شہریوں کے لیے اسٹوڈنٹ ویزے پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔
پابندی کی زد میں آنے والے ممالک میں افغانستان، کیمرون، میانمار اور سوڈان شامل ہیں، جبکہ افغانستان کے شہریوں کے لیے ورک ویزے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
وزیر داخلہ شبانہ محمود کا کہنا ہے کہ 2021 سے 2025 کے درمیان پناہ کی درخواستوں میں 470 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی ویزا نظام کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے اسی لیے امیگریشن کے قوانین کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔





