پشاورمیں حوالہ ہنڈی کے خلاف ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، کروڑوں روپے برآمد، ملزمان گرفتار

کاشف الدین سید
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے پشاور کے علاقوں خیبر بازار اور قابلی گیٹ میں کامیاب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت انیس ولد محمد ذوالفقار اور گل حیات ولد بسم اللہ جان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ اٹھائیس لاکھ (1,28,00,000) روپے کی بھاری نقدی اور حوالہ ہنڈی سے متعلق دیگر اہم شواہد برآمد کیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے پاس اس کاروبار کے لیے کوئی قانونی لائسنس یا اجازت نامہ موجود نہیں تھا اور وہ غیر قانونی طور پر رقوم کی منتقلی میں ملوث پائے گئے۔ چھاپے کے دوران برآمد ہونے والے دیگر دستاویزی ثبوت بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔

ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ غیر قانونی حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی اسمگلنگ کے خلاف اس طرح کے کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ معیشت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے۔

Scroll to Top