چیمپئنز ٹرافی 2025: بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

بھارت نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 265 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اور ان کی بیٹنگ لائن اپ ابتدا میں مشکلات کا شکار رہی۔ آسٹریلیش ٹیم نے 4 رنز پر اپنی پہلی وکٹ گنوائی، لیکن اس کے بعد ٹریوس ہیڈ (39) اور اسٹیو اسمتھ (73) کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کو کچھ حد تک سہارا دیا۔ مارنس لبوشین (29)، جوش انگلس (11) اور گلین میکسویل (0) جلد ہی پویلین واپس لوٹ گئے، اور اس موقع پر ایلکس کیری نے 61 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 264 تک پہنچایا۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رویندرا جاڈیجا اور رورن چکرورتی نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ ہاردیک پانڈیا اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا

ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز کچھ مشکل رہا، تاہم ویرات کوہلی کی 84 رنز کی شاندار اننگز نے ٹیم کو جیت کی راہ دکھائی۔ شریاس ایئر (45) اور روہیت شرما (28) نے بھی اہم اننگز کھیلیں۔ اختتامی لمحات میں ہاردیک پانڈیا (28) اور کے ایل راہول (42) نے برق رفتاری سے رنز بناتے ہوئے بھارت کو فائنل تک پہنچایا۔

آسٹریلوی باؤلرز میں نیتھن ایلس اور ایڈم زیمپا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کوپر کونولی اور بین ڈارشوئس نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس جیت کے ساتھ بھارت نے فائنل میں اپنی جگہ بنالی ہے، جہاں ان کا مقابلہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔

Scroll to Top