حکومتی معاشی پالیسیوں پر بیرونِ ملک پاکستانیوں کا اعتماد بڑھنے لگا، ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ

پاکستان کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جسے معاشی استحکام اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

مشیرِ وزیر خزانہ خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ مارچ 2026 میں ترسیلات زر 3.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو فروری کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مالی سال 2026 کے پہلے نو ماہ کے دوران مجموعی ترسیلات زر 30.3 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔

مشیر خزانہ کے مطابق توقع ہے کہ مالی سال 2025 کے 38 ارب ڈالر کے مقابلے میں مالی سال 2026 میں ترسیلات زر 41 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی مسلسل ملکی معیشت کی ترقی اور مالی استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی بھیجی جانے والی رقوم حکومت پر اعتماد کی عکاس ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ترسیلات زر میں 7.4 فیصد اضافہ، جولائی میں 3.2 ارب ڈالر کی ریکارڈ آمدنی

مشیر خزانہ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ عالمی معاشی صورتحال کے باوجود ترسیلات زر کی آمد میں استحکام برقرار ہے اور آئندہ مہینوں میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top