ایران کا اعلیٰ سطح وفد اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کے بعد واپس روانہ

ایران کا اعلیٰ سطح وفد اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کے بعد واپس روانہ ہو گیا، وفد میں ایرانی مجلس شوریٰ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی شامل تھے۔

وفد کی روانگی کے موقع پر پاکستان کی جانب سے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وفد کو الوداع کیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، تاہم جوہری پروگرام سمیت بعض اہم معاملات پر اختلاف برقرار رہا۔

ایرانی وفد کی روانگی کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط اور مستقبل میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

واضح رہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی وفد پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد صبح 7 بجے امریکہ کے لیے روانہ ہو گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امریکی وفد کو رخصت کیا، جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر پاکستانی و امریکی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اسلام آباد میں پاکستان کی ثالثی میں ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت کی، وفد میں خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور سابق امریکی صدر کے داماد جیرڈ کشنر بھی شامل تھے۔

دوسری جانب ایرانی وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کی۔

پاکستان نے ان مذاکرات میں بطور ثالث کلیدی کردار ادا کیا جس کے باعث امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور بات چیت کے آغاز میں پیش رفت ممکن ہوئی۔

Scroll to Top