پی ایس ایل 11،پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو بھی ہرادیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن میں پشاور زلمی نے اپنی ناقابلِ شکست مہم جاری رکھتے ہوئے ایونٹ کی مضبوط ترین ٹیم ملتان سلطانز کو 24 رنز سے شکست دے دی ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم معرکے میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم پشاور زلمی کے بلے بازوں نے اس فیصلے کو غلط ثابت کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 196 رنز کا بھاری مجموعہ اکٹھا کیا۔

پشاور زلمی کو محمد حارث نے 17 گیندوں پر 38 رنز کی جارحانہ اننگز کے ذریعے برق رفتار آغاز فراہم کیا۔ اس کے بعد سری لنکن بلے باز کوشل مینڈس نے شاندار فارم کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے لگاتار تیسری نصف سنچری جڑی اور 68 رنز کی کلیدی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں فرحان یوسف 30 اور کپتان بابر اعظم 18 رنز بنا سکے۔

ملتان کی جانب سے محمد اسماعیل اور پیٹر سڈل نے دو دو شکار کیے۔

197 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے بلے بازوں نے مزاحمت تو کی لیکن وہ مطلوبہ رن ریٹ کا دباؤ برداشت نہ کر سکے۔

شان مسعود 35، جوش فلیپی 32 اور اسٹیو اسمتھ 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، مگر پشاور کی نپی تلی بولنگ کے سامنے کوئی بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔ پوری ٹیم مقررہ اوورز میں ہدف سے دور رہ گئی۔

پشاور زلمی کی جیت میں نوجوان اسپنر صفیان مقیم نے ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کیا جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 22 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں اورمین آف دی میچ قرار پائے۔

فاسٹ بولر ناہید رانا نے بھی 24 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ افتخار احمد نے بھی دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ اس فتح کے ساتھ ہی پشاور زلمی نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔

Scroll to Top