پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے دوسرے دور کی میزبانی کی پیشکش کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پاکستان کی جانب سے یہ پیشکش خطے میں سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان یہ مذاکرات آئندہ چند روز میں اسلام آباد میں منعقد ہو سکتے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اجلاس ممکنہ جنگ بندی کے خاتمے سے قبل بھی ہو سکتا ہے، تاہم مذاکرات کے مقام اور حتمی تاریخ کا فیصلہ دونوں فریقین کی باہمی رضامندی سے کیا جائے گا۔
اے پی کے مطابق ابتدائی مذاکرات کو ایک مسلسل سفارتی عمل کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے جس کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی لانا اور مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہے۔
واضح رہے کہ اس پیش رفت کو خطے میں سفارتی سرگرمیوں کے تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ حتمی فیصلے کے لیے تمام متعلقہ فریقین کی منظوری ضروری ہوگی۔





