شاہدجان
خیبرپختونخوا اسمبلی میں وزیراعظم شہباز شریف ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیراور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو نوبل انعام کیلئے نامزدکرنے سے متعلق قرارداد جمع کرا دی گئی۔
یہ قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی شہلا بانو نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی ہے۔
قرارداد کے متن میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان تینوں شخصیات کی جانب سے عالمی امن کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میں ان کے نام نوبل امن انعام کے لیے سرکاری طور پر تجویز کیے جائیں۔
شہلا بانو کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ کی مؤثر سفارت کاری کے نتیجے میں نہ صرف خطے میں استحکام پیدا ہوا بلکہ عالمی امن کو درپیش سنگین خطرات میں بھی کمی آئی ہے۔
متن میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی کسی بھی وقت ایک بڑے عالمی بحران کی شکل اختیار کر سکتی تھی لیکن ان رہنماؤں نے بروقت اقدامات کر کے جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
قرارداد میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پاکستان کی ان مخلصانہ کوششوں کی بدولت خطہ ایک بڑی تباہی سے محفوظ رہا لہٰذا ان خدمات کے اعتراف میں مذکورہ شخصیات کو بین الاقوامی سطح پر اس معتبر ترین ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جانا ضروری ہے۔





