بنوں کے علاقے تھانہ ہوید کی حدود میں واقع گل بہار چوک میں پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ایک مشترکہ اور کامیاب کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
گل بہار چوک کے مقام پر ہونے والے اس مشترکہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انتہائی بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے پانچوں دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جبکہ کارروائی میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے تمام اہلکار مکمل طور پر محفوظ رہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بنوں، کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد فرقان بلال کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل تیزی سے جاری ہےجس کی تکمیل کے بعد ان کے نام اور دیگر تفصیلات باقاعدہ طور پر جاری کی جائیں گی۔
واقعے کے فوراً بعد بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی کے دستوں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان آپریشن شعبان کے تحت بلوچستان میں ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کےدہشت گردوں کو نشانہ بنا رہا ہے، دی ڈپلومیٹ رپورٹ
بنوں پولیس نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور علاقے میں دیرپا امن کا قیام ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔




