ہری پور، حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے آگ لگ گئی، 8 افراد جاں بحق

ہری پور کی حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس کی مین ٹرانسمیشن لائن میں لیکیج کے باعث ہولناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے ہیں۔

آگ اتنی شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی علاقے کو لپیٹ میں لے لیا جس کے بعد پورے صنعتی زون میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور، ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کی۔

ڈی پی او ہری پور کے مطابق اس افسوسناک واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہے جن میں سے پانچ لاشیں کوٹ نجیب اللہ اسپتال اور تین ٹراما سینٹر منتقل کر دی گئی ہیں۔

آگ کی شدت پر قابو پانے کے لیے پانچ مختلف اضلاع کے فائر بریگیڈ کے دستوں نے آپریشن میں حصہ لیا جبکہ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے مل کر متاثرہ گھرانے اور قریبی شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

انتظامیہ نے علاقے کو سیل کر کے ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا ہے تاکہ امدادی ٹیموں کو کام میں دشواری نہ ہو اور پائپ لائن کی مرمت کا کام جلد مکمل کیا جا سکے۔

Scroll to Top