اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں غیر منقولہ جائیدادوں کی ویلیوایشن میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے، جس کے تحت مختلف رہائشی اور کمرشل پراپرٹیز کی قیمتوں میں 10 سے 30 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (فیڈرل بورڈ آف ریونیو) کی جانب سے جاری کردہ ایس آر او 644(I)/2026 کے مطابق رہائشی و کمرشل پلاٹس اور عمارتوں کی نئی مارکیٹ ویلیوز نافذ کر دی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے بعد جائیداد مارکیٹ میں اہم تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں گی۔
تفصیلات کے مطابق پانچ سال تک پرانی عمارتوں کی قیمت 3,000 روپے فی مربع فٹ سے کم ہو کر 2,500 روپے جبکہ پانچ سال سے زائد پرانی عمارتوں کی قیمت 1,500 سے کم ہو کر 1,200 روپے فی مربع فٹ مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ویلیوایشن بدستور ڈپٹی کمشنر ریونیو کی یکم جولائی 2025 کی مقررہ شرحوں کے مطابق رہے گی، جبکہ کسی بھی تنازع کی صورت میں زیادہ ویلیو لاگو ہوگی۔
نظرثانی شدہ شرحوں کے تحت مختلف ہاؤسنگ سیکٹرز میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے۔ بی-17 اور سی-14 میں قبضہ شدہ رہائشی پلاٹس کی قیمت 30 ہزار سے کم ہو کر 21 ہزار روپے فی مربع گز کر دی گئی، جبکہ بغیر قبضہ پلاٹس کی قیمت 15 ہزار سے کم ہو کر 10 ہزار 500 روپے فی مربع گز ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری، نیوزی لینڈ جانے کا نیا اور آسان راستہ
اسی طرح سی-15 اور سی-16 سمیت دیگر سیکٹرز میں بھی قیمتوں میں واضح کمی کی گئی ہے۔ ڈی-12 اور ڈی-13 میں رہائشی اور فلیٹ ویلیوایشن میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ مہنگے سیکٹرز جیسے ای-7، ای-11 اور ای-12 میں بھی نئی شرحیں جاری کر دی گئی ہیں۔
مارگلہ ٹاؤن، چک شہزاد، بنی گالہ اور پارک ویو جیسے علاقوں میں بھی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، جس سے مجموعی طور پر جائیداد مارکیٹ پر اثر پڑنے کی توقع ہے۔
اہم کمرشل زون بلیو ایریا (جناح ایونیو) میں بھی فلیٹس کی نئی قیمتیں مقرر کر دی گئی ہیں، جہاں کچھ علاقوں میں شرحیں برقرار رکھی گئی ہیں جبکہ دیگر میں ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے۔





