ٹریفک چالان سے پریشان شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری

لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں میں نمایاں کمی کی تجویز سامنے آ گئی ہے، جس کے بعد شہریوں کو بڑے ریلیف کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق کمرشل وہیکل مالکان کے ساتھ مذاکرات کے بعد ٹریفک پولیس نے مختلف کیٹگریز کے جرمانوں میں 100 سے 150 فیصد تک کمی کی سمری حکومت کو ارسال کر دی ہے۔

گزشتہ سال ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں اضافہ کیا گیا تھا، جس پر کمرشل گاڑی مالکان کی جانب سے شدید احتجاج سامنے آیا تھا۔ بعد ازاں حکومت نے اس معاملے پر ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت دی، جس کے بعد نئی سفارشات تیار کی گئیں۔

سمری کے مطابق موٹر سائیکل اور رکشہ کی مختلف کیٹگریز میں جرمانوں کو 100 فیصد تک کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ نئی سفارشات کے تحت موٹر سائیکل کا کم سے کم جرمانہ 1000 جبکہ زیادہ سے زیادہ 2000 روپے مقرر کرنے کی تجویز ہے۔

اسی طرح موٹر کار اور موٹر جیپ (2000 سی سی تک) کے جرمانے 3000 سے 5000 روپے تک برقرار رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

لگژری گاڑیوں کی 13 کیٹگریز میں بھی جرمانوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے، جہاں پہلے 5000 سے 20000 روپے تک جرمانے وصول کیے جا رہے تھے، اب انہیں کم کرکے 2000 سے 10000 روپے تک لانے کی تجویز دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گھر یا پلاٹ خریدنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری

کمرشل گاڑیوں کے حوالے سے بھی اہم ریلیف تجویز کیا گیا ہے، جہاں موجودہ جرمانے 10000 سے 20000 روپے تک ہیں، جبکہ نئی سمری میں انہیں کم کرکے 2000 سے 10000 روپے تک مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو منظوری کے لیے ارسال کر دی گئی ہے، جس کے بعد اسے کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ حتمی منظوری کے بعد شہریوں کو باضابطہ ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

Scroll to Top